ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / راجیوگاندھی ہیلتھ یونیورسٹی کا 19واں کانوکیشن،26698 ڈاکٹروں کو ڈگری سے سرفراز کیاجائے گا

راجیوگاندھی ہیلتھ یونیورسٹی کا 19واں کانوکیشن،26698 ڈاکٹروں کو ڈگری سے سرفراز کیاجائے گا

Wed, 05 Apr 2017 01:35:51    S.O. News Service

بنگلورو:4/اپریل(ایس او نیوز) شہر میں 6/ اپریل کو راجیو گاندھی ہیلتھ یونیورسٹی کا 19/واں کانوکیشن منعقد ہورہا ہے۔ اس کانوکیشن میں ڈاکٹر ایچ جی شرد چندرا کلیدی خطاب کریں گے۔ داونگیرے کی جے جے ایم میڈیکل کالج کی طالبہ دیپا اگر وال نے چھ گولڈ میڈل حاصل کرکے اس بار سب سے شاندار مظاہرہ کیاہے، یہ بات آج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر کے ایس رویندرا ناتھ نے بتائی۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے چانسلر گورنر واجو بھائی والا کانوکیشن کی صدارت کریں گے اور پرو چانسلر وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل اور دیگر اہم شخصیات موجود رہیں گی۔بہترین خدمات کیلئے وظیفہ یاب پروفیسر گووند داس اور میسور کے ماہر قلبیات گووند راج سبرامنی کو اعزازی ڈاکٹریٹ آف سائنس سے نوازا جارہاہے۔ سبرامنی پچھلے دس سال سے جئے دیوا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اینجو پلاسٹی خدمات مفت انجام دے رہے تھے، بعد میں انہوں نے امریکہ میں سکونت اختیار کرلی۔ اس بار 26698 ڈاکٹروں کو ڈگری سے سرفراز کیا جائے گا۔ان میں سے 51 پی ایچ ڈی، 130 سوپر اسپیشالٹی ماہرین، 5140 پوسٹ گریجویٹ، 188 فلو شپ کورس، 17 سرٹی فکیٹ کورس اور 21172 ایم بی بی ایس ڈاکٹر شامل ہیں۔69طلبا کو گولڈ میڈل اور نقد انعامات دئے جائیں گے۔ یونیورسٹی کی منتقلی کے متعلق انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے مالی امور کو بہتر بنانے کیلئے آن لائن پیمنٹ کا نظام متعارف کیا گیاہے۔کلبرگی اور بلگاوی میں یونیورسٹی کی شاخوں کی تعمیر کاکام ایک دو ہفتے میں شروع ہوگا، جبکہ بنگلور سے رام نگرم کو یونیورسٹی کی منتقلی کیلئے بھی تعمیری کام تیزی سے شروع کیاجارہا ہے۔


Share: